نئی دہلی، 19/ جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نائب صدر ایم حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتر پردیش کے ایٹہ ضلع میں ہونے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔نائب صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج اترپردیش کے ایٹہ ضلع میں ہوئے حادثے میں لوگوں کے مرنے اور اسکول کے بچوں سمیت لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر سے گہرا دکھ ہوا،میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ارکان دل سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور خدا سے انہیں اس عظیم نقصان کو برداشت کرنے کے لئے دعا کرتا ہوں،میں زخمیوں کی جلد صحت مند ہونے کا متمنی ہوں۔
وزیر اعظم نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ یوپی کے ایٹہ ضلع میں ہوئے سڑک حادثہ سے میں دکھی ہوں،میں نے متاثرہ خاندانوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ہلاک شدگان بچوں کی روح کو امن ملے،میں دعا کرتا ہوں کہ جو بھی حادثے میں زخمی ہوئے ہیں وہ جلد سے جلد صحت مند ہو جائیں۔راج ناتھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایٹہ میں اسکول کے بچوں کی موت کی خبر سن کر دکھی ہوں،متاثرہ خاندانوں کے ساتھ میری تعزیت ہے،زخمی بچوں کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو اترپردیش کے ایٹہ ضلع میں صبح دھند کی وجہ سے ایک اسکول بس کی ٹکر ٹرک سے ہو گئی۔اس حادثے میں 15بچوں کی دردناک موت ہو گئی جبکہ 30سے زیادہ زخمی ہیں۔